جمعه,  18 اکتوبر 2024ء
منڈی بہاؤالدین: بچوں کے اغوا کار گینگ کی سرگرمیاں بے نقاب

منڈی بہاؤالدین (روشن پاکستان نیوز) پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں بچوں کے اغوا کرنے والا ایک گینگ سرگرم ہوگیا ہے، جس کی خبروں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک اغوا کار نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی ٹیم اب تک مختلف علاقوں سے پانچ بچوں کو اغوا کر چکی ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ بچے ایک اور گینگ کو پچاس ہزار روپے فی بچہ کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

اس خطرناک گروہ کی سرگرمیوں سے والدین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مقامی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جلد مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، لیکن اس کے باوجود عوام کی جانب سے مطالبہ ہے کہ پولیس فوری کارروائی کرے اور اس قسم کے جرائم کی روک تھام کے لئے مضبوط اقدامات اٹھائے۔

دوسری جانب، سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ویڈیوز اور خبریں عوام میں بے یقینی اور خوف و ہراس پیدا کر رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور عوام کو چاہئے کہ ایسے گینگ کے متعلق کسی بھی معلومات کو فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر افسران کے تقرروتبادلے

حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ فوری طور پر مؤثر اقدامات اٹھا کر اس گینگ کے خلاف کارروائی کرے اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

مزید خبریں