راولپنڈی(کرائم رپورٹر) آراے بازار پولیس کی اہم کاروائی، شہری کے اغواء اور قتل میں ملوث چاروں ملزمان گرفتار، ملزمان سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد۔
تفصیلات کے مطابق آراے بازار پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے شہری کے اغواء اور قتل میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا،ملزمان کی شناخت وحید گل،صادق،عبداللہ اور محمد بہادر کے نام سے ہوئی، ملزمان سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد ہوئی،ملزمان نے چند روز قبل سرکاری ادارے کے آفیسرکو اغواء کرکے تاوان کامطالبہ کیاتھا، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مقتول رحمت اللہ کو اغواء کے بعد فوراً قتل کرکے نعش کو دفنا دیا تھا،ملزمان کی نشاندہی پر نعش کو تلاش کرکے پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقتول کے لواحقین نے نعش کی شناخت کر لی ہے،نعش کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا،ملزمان مقتول کے دوست تھے اور ایک ملزم مقتول کا مالک مکان بھی تھا، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغرنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔
دوران تفتیش فوٹیجز اور شواہد اکٹھے کرکے سائنٹیفک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فیصل آباد، چینیوٹ اور ضلع خیبر پختون خواہ وسیع پیمانے پر آپریشن کر کے ملزمان کو ٹریس کیا گیا،ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز کی سربراہی میں ایس ڈی پی او کینٹ اور پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جینس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغر نے کہا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزادلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے،ملزمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔