حافظ آباد(شوکت علی وٹو )ڈسٹرکٹ پریس کلب یونین آف جرنلسٹس حافظ آباد کی نومنتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری مقامی ہال میں پروقار طریقے سے منعقد ہوئی۔نومنتخب کابینہ میں، چئیرمین، بابر اعجاز صدیقی، صدر، گلزار حسین چوہان، سینئر وائس چیئرمین میاں مظہر حیات، وائس چیئرمین، مہر فاروق احسان، نائب صدر، شہزاد امین بھٹی، جنرل سیکرٹری، شیخ زاہد سہیل، جائنٹ سیکرٹری، اسرار حسین شاہ، فنانس سیکرٹری، امیر حمزہ مغل، انفارمیشن سیکرٹری، حماد حسین سیالوی، آفس سیکرٹری، قاضی شیر علی ہیں تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (PFUJ) افضل بٹ صغیر چودھری اور میاں شاہد سمیت صحافتی تنظیموں کے دیگر مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی، تقریب میں سابق ایم پی میاں مامون جعفر تارڑ، مبشرعزیز گجر صدر ڈسٹرکٹ بار حافظ آباد، پیر سید عطاءالحسنین شاہ نقوی، علامہ پیر غلام مصطفیٰ سلطانی، صابر حسین گجر منہاج القرآن،مختلف تنظیموں وابستہ افراد سمیت مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے ۔مہمانوں کا ڈھول کی تھاپ پر شاندار استقبال کیا گیا مہمانان گرامی کو پھولوں کے ہار پہنائے گے، تقریب کا آغاز انتہائی جوش و خروش سے ہوا۔صحافی برادری نے مہمانان گرامی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر فضا “صحافت زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔تقریب کے دوسرے مرحلے میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب حافظ آباد کی نومنتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صحافتی اخلاقیات کی پاسداری کرتے ہوئے مظلوم طبقے کی آواز بنیں گے اور ضلع میں صحافت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔آزادیِ اظہارِ رائے پر زور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس کی آزادی براہِ راست جمہوریت کی مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے “آزادیِ اظہارِ رائے” کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، صحافی برادری نے ہمیشہ کڑے وقت میں سچ کا ساتھ دیا ہے۔ ہم آزادیِ رائے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ حافظ آباد کی صحافی برادری کا اتحاد اس بات کی علامت ہے کہ سچائی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ کارکن صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گےتقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پریس کلب یونین آف جرنلسٹ حافظ آباد کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔ مقامی صحافتی برادری نے افضل بٹ، صغیر چودھری اور میاں شاہد کی آمد کو حافظ آباد کے صحافیوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔











