رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور رفقاء کے لیے فاتحہ و اجتماعی دعا
تعزیتی کتاب میں تاثرات درج، ایران سے یکجہتی کا اعادہ
اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے ایرانی قونصلیٹ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایران کے سفیر جناب رضا امیری مقدم سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ امور، خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران و پاکستان کے مابین مذہبی و ثقافتی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد نے مجاہد اسلام اور مستضعفینِ جہاں کے شفیق رہنما آیت اللہ شہید سید علی خامنہ ای اور ان کے رفقاء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور بلندیٔ درجات کے لیے اجتماعی دعا کی۔بعد ازاں وفد نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے ایرانی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی، ہمدردی اور برادرانہ تعلقات کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، جنہوں نے مشکل گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عہد کا بھی اعادہ کیا۔











