جمعرات,  26 مارچ 2026ء
راولپنڈی: دمدمہ مندر میں مقیم کشمیری مہاجرین کو بے دخلی کے نوٹس، رہنماؤں کا شدید احتجاج

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر راولپنڈی سٹی کے صدر راجہ سلطان صلاح الدین اور سٹی جنرل سیکرٹری راجہ عبدالروف نے راجہ بازار میں واقع دمدمہ مندر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کشمیری مہاجرین کی رہائشی صورتحال اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر آمین قریشی، راشد قریشی، زیشان سونو، کاکا بٹ اور طاہر میر نے رہنماؤں کو خستہ حال رہائش، بنیادی سہولیات کی کمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ سلطان صلاح الدین نے کہا کہ راولپنڈی میں گزشتہ تقریباً 70 سال سے آباد کشمیری مہاجرین آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اب ان پر بے دخلی کی تلوار لٹک رہی ہے، جو انسانی حقوق پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دمدمہ مندر میں ایک ایک کمرے میں دو دو خاندان رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ پانی، گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ بیت الخلاء کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے جہاں ایک ہی واش روم کئی خاندان استعمال کر رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے 25 خاندانوں کو بغیر کسی متبادل انتظام کے بے دخلی کے نوٹس جاری کرنا غیر انسانی اقدام ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے پاس رہنے کے لیے کوئی متبادل جگہ موجود نہیں۔

راجہ سلطان صلاح الدین نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ کشمیری مہاجرین کے حقوق کے لیے ہر ممکن قانونی و اخلاقی تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بے گھر افراد کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مسئلے میں فوری مداخلت کریں اور کشمیری مہاجرین کو مالکانہ حقوق دینے، بے دخلی روکنے اور متبادل رہائش فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری مہاجرین کی مستقل آبادکاری کے لیے جامع پالیسی بنائی جائے اور ان کے روزگار و تعلیم کے کوٹے بھی بحال کیے جائیں تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

مزید خبریں