اسلام آباد: زاریانز بزنس گروپ اور اسلام آباد گروپ کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے اعزاز میں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزراء، سابق وزراء، بیوروکریٹس، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت جڑواں شہروں اور ملک کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ افطار ڈنر کے مہمانانِ خصوصی زاریانز بزنس گروپ اور اسلام آباد گروپ کے چیئرمین، پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف، سابق وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد اور وفاقی وزیر ٹورازم، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شہباز علی خان تھے۔دیگر معزز مہمانوں میں رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، رکن قومی اسمبلی مہ جبین عباسی، محترمہ تہمینہ امجد، پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مسعود صادق، پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن نارتھ کے صدر شعیب امجد، زاریانز بزنس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر زوہیب امجد، چوہدری محمد شفیق، پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداران مہرین ملک آدم، انیلہ چوہدری، فوزیہ ناز، ڈاکٹر رحیم اعوان، رضوان صادق خان، چوہدری جہانگیر، عاطف مغل، سمیرا حمید، ڈاکٹر افشاں ملک، شاہزیب امجد اور جہانزیب امجد سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔تقریب کے آغاز میں پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن انچیف زمرد خان نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد امجد نے زمرد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم یتیم بچوں اور بچیوں کو باعزت، محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کرنے کا ایک عظیم مشن سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس بچوں کے لیے کچن تعمیر کیا گیا تھا جبکہ اس بار بچیوں کے ہاسٹل کی مکمل رینوویشن کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ، ان کی فیملی اور دوست آئندہ بھی پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ مل کر خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ڈاکٹر محمد امجد نے اعلان کیا کہ جلد زاریانز ویلفیئر فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس کے لیے زاریانز بزنس گروپ کی تمام کمپنیاں سالانہ بنیادوں پر فنڈ فراہم کریں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ زاریانز بزنس گروپ اور پاکستان سویٹ ہوم مل کر نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے پہلے سے موجود ادارے کے ساتھ اشتراک کر کے ایک جدید اور جامع ہسپتال قائم کریں گے۔اس موقع پر پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن نارتھ کے صدر شعیب امجد نے پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن انچیف زمرد خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے لیے دس لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کا مقصد ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔پاکستان ویٹرنری فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر مسعود صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 28، 29 اور 30 مارچ کو لاہور میں ایک ویٹرنری فارماسوٹیکل ایکسپو منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد انڈسٹری کو مزید ترقی یافتہ بنانا اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔اسلام آباد گروپ کے نمائندہ چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ ڈاکٹر محمد امجد اور ان کی فیملی ایک طویل عرصے سے فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد گروپ کا مقصد شہریوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا اور سماجی و فلاحی اقدار کو فروغ دینا ہے۔ اختتامی خطاب میں پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن انچیف زمرد خان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے پاکستان سویٹ ہوم کے چاروں صوبوں، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں کیمپسز قائم ہیں، جہاں بچے اور بچیاں زندگی کے مختلف شعبہ جات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمدامجداور ان کی فیملی ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ تعاون کرتی ہے۔گزشتہ برس انہوں نے ہمارے بچوں کے لئے ایک شاندار کیچن قائم کیا جبکہ اس بار انہوں نے فیریز ہاسٹل کی رینوویشن کی۔ اب زاریانز ویلفئیرفاؤنڈیشن اور پاکستان سویٹ ہوم نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے ایک ہسپتال قائم کریں گے جس کا افتتاح آئندہ پندرہ دنوں میں کردیا جائے گا۔ ہم نے اپنے ان نوجوانوں کو جو معاشرتی سرگرمیوں سے دور جاچکے ہیں، واپس ایک کارآمد شہری بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سویٹ ہوم نے دنیا کا پہلا یتیم بچوں کے لیے کیڈٹ کالج قائم کیا ہے۔ہمیں فخر ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے ملک کے اچھے اور معیاری اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے سب کو دعوت دی کہ یتیم بچوں اور بچیوں کا آسرا بننے اور انہیں شاندار مستقبل فراہم کرنے کے لئے پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ بنیں۔











