راولپنڈی(عرفان حیدر) لیاقت باغ میں ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے خوبصورتی اور ہارٹیکلچر کے جامع اقدامات جاری ہیں، جس کے باعث باغ کی دلکشی اور سرسبز ماحول میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات کے مطابق شہر بھر کے پارکس کو خوبصورت بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں پھولوں اور پودوں کی باقاعدہ نگہداشت، صفائی ستھرائی اور ہارٹیکلچر کے جدید تقاضوں کے مطابق کام شامل ہے۔ تاریخی لیاقت باغ میں رنگ برنگے پھول اور سرسبز پودے بہار کا دلکش منظر پیش کر رہے ہیں، جو شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔
باغ سے منسلک نرسری میں موسمِ سرما کے مطابق پھولوں اور پودوں کی نگہداشت کا عمل بھی جاری ہے، جس کے ذریعے راولپنڈی شہر میں پودوں کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔ ہارٹیکلچر ایجنسی کا عملہ پوری محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ باغ میں ہارٹیکلچر کے امور انجام دے رہا ہے تاکہ باغ کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر ایم ڈی احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام پارکوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ شہری بہترین ماحول میں تفریح کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق شہر بھر کے پارکوں کو خوبصورت بنایا جائے گا اور عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











