راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کی اہم شاہراہ مری روڈ کو خوبصورت بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد سکستھ روڈ فلائی اوور کے نیچے پھولوں اور پودوں کی دلکش دنیا آباد کر دی گئی ہے، جسے شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر سکستھ روڈ فلائی اوور کے نیچے ایک خوبصورت کارنر تیار کیا گیا، جہاں مختلف اقسام کے پودوں اور پھولوں کو انتہائی دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا ہے۔ فلائی اوور کے نیچے لگے یہ پودے نہ صرف خوبصورت مناظر پیش کر رہے ہیں بلکہ شہر کے حسن میں بھی نمایاں اضافہ کر رہے ہیں۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات کو بھی خوبصورت انداز میں سجانے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ راولپنڈی شہر کو خوبصورت انداز میں سجانا ہماری اولین ترجیح ہے، عوام کو تفریح کے لیے بہتر سے بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کی خوبصورتی کے لیے شاندار منصوبے متعارف کروائے جائیں گے۔











