اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز):اسلام آباد ہوٹل میں اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آئی یو جے) کی پروقار حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صحافتی برادری کے نو منتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں ملک بھر سے سینئر صحافیوں، تجزیہ کاروں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں آئی یو جے کے چیئرمین شاہنواز خان، صدر چوہدری عامر، جنرل سیکرٹری سردار ساجد طارق اور دیگر عہدیداران نے حلف اٹھایا۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کار خوشنود علی خان نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
اس موقع پر چیئرمین شاہنواز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین صحافیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی اور پیشہ ورانہ مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے تنظیم ہر سطح پر متحرک رہے گی۔
نومنتخب ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، صحافتی مسائل پر بھرپور آواز بلند کریں گے اور قانونی جدوجہد میں بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اس اتحاد سے صحافی برادری کو نئی طاقت ملے گی اور اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔











