اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): عائشہ ایجوکیشن سسٹم اسکول اینڈ کالج میں مینا بازار کی افتتاحی تقریب نہایت شاندار، منظم اور کامیاب انداز میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کی مہمانِ خصوصی سیدہ فردوس (سنٹرل پریزیڈنٹ، وومن ونگ، پاکستان عوامی قوت پارٹی) تھیں، جبکہ پروگرام کا انعقاد سی ای او عائشہ ایجوکیشن سسٹم اسکول اینڈ کالج جناب ضیاء الرحمن چودھری کی زیرِ نگرانی کیا گیا۔
تقریب میں اساتذہ، طلبہ، والدین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مینا بازار میں طلبہ کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز، تخلیقی سرگرمیوں اور تعلیمی و تفریحی ماحول کو شرکاء نے بے حد سراہا۔ مقررین نے بچوں کی عملی تربیت اور خود اعتمادی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیوں کو نہایت مفید قرار دیا۔
اس موقع پر پاکستان عوامی قوت پارٹی کی جانب سے خواتین کے لیے فری میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا، جہاں جنرل میڈیکل چیک اپ کی سہولت فراہم کی گئی۔ فلاحی جذبے کے تحت منعقد کیے گئے اس کیمپ سے خواتین نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
مہمانِ خصوصی سیدہ فردوس نے خطاب کرتے ہوئے عائشہ ایجوکیشن سسٹم اسکول اینڈ کالج کی تعلیمی و سماجی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت اور سماجی خدمت کے منصوبے ایک مثبت اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آخر میں سی ای او ضیاء الرحمن چودھری نے تمام معزز مہمانوں، والدین، اساتذہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عائشہ ایجوکیشن سسٹم اسکول اینڈ کالج آئندہ بھی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ سماجی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رکھے گا۔











