اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حضرت عباسؑ علمدار کی وفا اور ایثار کو یاد کرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی، چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل، نے صدارت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدانِ کربلا میں حضرت عباسؑ علمدار نے ایثار و وفا کی نئی تاریخ رقم کی جو قیامت تک یاد رکھی جائے گی۔
لفٹیننٹ جنرل کرامت احمد نے کہا کہ حضرت عباسؑ علمدار کا الم افواج اسلامیہ کی فتح و نصرت کا نشان بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ الم حضرت عباسؑ کو ان کے والد حضرت علی المرتضیٰؑ سے ملا تھا، جو غزوہ خیبر میں نبی اکرمؐ نے حضرت علیؑ کو عطا کیا تھا۔
ممتاز سماجی شخصیت شیخ عبد الوحید نے کہا کہ حضرت عباسؑ کی شجاعت اور بہادری نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل کریسنٹ لائنز کلب کے صدر سبطین رضا لودھی، دائرہ کے صدر احسان کبریا، بزم عروج ادب کے صدر نعیم اکرم قریشی اور روبینہ سید سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت غازی عباسؑ علمدار کے کارناموں اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے آخر میں ملکی سالمیت، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔











