راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ کے 1443ویں جشنِ ولادت کے موقع پر مرکزی امام حسین کونسل کے زیرِ اہتمام عالمی میلاد امام حسینؑ کانفرنس پی سی ہوٹل راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت ممتاز سکالر اور چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات کی ترویج سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن ہے، کیونکہ امام حسینؑ کا پیغام حق، انصاف، امن اور انسانیت کی بقا کا ضامن ہے۔
سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے میدانِ کربلا میں مظلوم انسانیت کو حق مانگنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا عالمی درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام آج بھی دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
کانفرنس میں کربلا میں حرمِ امام حسینؑ کے خادمِ اعلیٰ آیت اللہ العظمٰی مہدی کربلائی، روضۂ حضرت عباس علمدارؑ کے خادمِ اعلیٰ آیت اللہ العظمٰی احمد صافی اور شام میں درگاہ حضرت سیدہ زینبؑ کے خادمِ اعلیٰ سید ماذن کے خصوصی پیغامات ممتاز دانشور سید سہیل بخاری نے پڑھ کر سنائے۔ پیغامات میں کہا گیا کہ امام حسینؑ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے عظیم رہنما ہیں اور ان کی تعلیمات کے فروغ سے دنیا میں امن اور انصاف قائم ہو سکتا ہے۔
علامہ حسین احمد ہمدانی نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کا فلسفہ یہ ہے کہ حق کی خاطر مٹ جانا قبول ہے مگر باطل کے سامنے سر جھکانا ہرگز نہیں۔ سابق وفاقی سیکرٹری اور گورنمنٹ کالج فار ویمن کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ سید نصیر گیلانی نے مطالبہ کیا کہ امام حسینؑ اور ان کی تعلیمات کو یونیورسٹی سے لے کر پرائمری سطح تک نصاب کا حصہ بنایا جائے۔
کریسنٹ لائنز کلب کے چیئرمین سبطین رضا لودھی نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ یوم قائداعظم اور یومِ اقبال کی طرح 23 جنوری (3 شعبان) کو حضرت امام حسینؑ کے یومِ ولادت کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔
جمعیت المشائخ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ایاز ظہیر ہاشمی نے کہا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ امام حسینؑ کی تعلیمات کو تبلیغِ اسلام کا ذریعہ بنایا۔ پروفیسر خانم عظمیٰ رضا نے کہا کہ ملک کے تمام مکاتبِ فکر امام عالی مقام سے عقیدت رکھتے ہیں اور ان کی تعلیمات امت کے اتحاد کا ذریعہ ہیں۔ دائرہ کے صدر احسان کبریا نے کہا کہ دنیا بھر کے ادیبوں اور دانشوروں نے امام حسینؑ کو حق و انصاف کی علامت قرار دیا ہے۔
کانفرنس میں ملک بھر سے مختلف مکاتبِ فکر کے آٹھ سو سے زائد علما، مشائخ اور سکالرز نے شرکت کی۔ بزمِ عروجِ ادب کے سیکرٹری نعیم اکرم قریشی، جہانزیب جمال اور اخلاق حسین زیدی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔











