راولپنڈی(عرفان حیدر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہر کے پارکس کو خوبصورت بنانے اور ان میں لگے پھول پودوں کی نگہداشت کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شہر بھر کے پارکس میں ہارٹیکلچر کے کاموں کی نگرانی کر رہی ہیں۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا کی ہدایت کے مطابق راول سیکٹر میں واقع ڈھوک کالا خان فیملی پارک کی خوبصورتی بڑھانے اور صفائی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پودوں اور پھولوں کو سردی سے بچانے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں، جس سے پارک میں رنگ برنگے پھولوں اور پودوں کی بہار شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی کا عملہ پوری محنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈھوک کالا خان پارک میں کام کر رہا ہے تاکہ اس کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے۔ احمد حسن رانجھا نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام پارکوں کو شہریوں کے لیے خوبصورتی سے سجایا جائے گا تاکہ بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہریوں کو صحت مند تفریحی ماحول میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی گئی اور دن رات محنت جاری ہے۔











