بدھ,  14 جنوری 2026ء
راولپنڈی کو خوبصورت بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی پُرعزم، ڈھوک منشی پارک میں خصوصی اقدامات

راولپنڈی(عرفان حیدر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات کی روشنی میں شہر بھر کے پارکس کو خوبصورت بنانے اور ان میں لگے پھولوں اور پودوں کی نگہداشت کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ایم ڈی کی ہدایت پر پوٹھوار سیکٹر میں واقع ڈھوک منشی پارک کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے، صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے اور پودوں و پھولوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈھوک منشی پارک میں قائم کرکٹ اسٹیڈیم کی مینٹیننس پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پارک میں لگے رنگ برنگے پھول اور سرسبز پودے بہار کا منظر پیش کر رہے ہیں جو شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا عملہ پوری محنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈھوک منشی پارک میں ہارٹیکلچر سے متعلق امور انجام دے رہا ہے تاکہ پارک کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔

اس موقع پر احمد حسن رانجھا نے کہا کہ راولپنڈی شہر کے تمام پارکوں کو شہریوں کے لیے خوبصورتی سے سجایا جائے گا تاکہ انہیں بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی دن رات محنت کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

مزید خبریں