راولپنڈی (عرفان حیدر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر کے پارکس کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو معیاری، محفوظ اور صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے پارکس میں لگے پھولوں اور پودوں کی نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے سراجیہ سیکٹر کے پارکوں کی سجاوٹ اور خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا گیا ہے، جہاں سردی کے موسم میں پودوں اور پھولوں کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ پارکوں میں لگے رنگ برنگے پھول اور سرسبز پودے بہار کا منظر پیش کر رہے ہیں، جو شہریوں کے لیے کشش کا باعث بن گئے ہیں۔ فیملیز بڑی تعداد میں سراجیہ سیکٹر کے پارکوں کا رخ کر رہی ہیں اور فراہم کی گئی بہترین تفریحی سہولیات سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا عملہ نہ صرف پارکوں بلکہ نرسریز میں بھی پوری محنت اور ذمہ داری کے ساتھ باغبانی کے امور سرانجام دے رہا ہے، جہاں پودوں کی افزائش نسل اور نگہداشت کا عمل جاری ہے تاکہ مستقبل میں شہر کو مزید سرسبز بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے ایچ اے راولپنڈی کا عملہ دن رات محنت کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شدید سردی کے موسم میں گرین بیلٹس اور پارکوں میں لگے پودوں اور پھولوں کو مضر اثرات سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عملہ پوری طرح سرگرمِ عمل ہے۔











