اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): پیر ہاؤس بری امام سرکار کے زیرِ اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی جشنِ ولادتِ وصیٔ رسول، اخیٔ رسول، شیرِ خدا حضرت مولا علی علیہ السلام کا جشنِ ظہورِ پُرنور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ محفل میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں نامور قوال حضرات اور ثناء خوانوں نے بارگاہِ علوی میں عقیدت کے نذرانے پیش کیے اور محفل کو روحانی کیفیت سے بھر دیا۔ چراغ بری امام سرکار، آلِ رسول، خونِ بتول، اولادِ علی، قبلہ پیر سید حیدر علی گیلانی صاحب نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ “مولا علی سرکار افضلیت کے امیدوار نہیں بلکہ افضلیت کا معیار اور نصاب ہیں”۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: سجادہ نشین بری امام سرکار پیر سید محمد علی گیلانی کی کچہری دھماکے کی شدید مذمت
محفل کے دوران 72 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا۔ کیک کشائی کے بعد سجادہ نشین دربارِ حضرت بری امام سرکار، مرکزی صدر قومی امن کمیٹی پاکستان اور صدراعلما و مشائخ ونگ، قبلہ پیر سید محمد علی گیلانی صاحب نے ملکِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور اہلِ ایمان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔
تقریب کے اختتام پر لنگرِ پنجتنی تقسیم کیا گیا۔ یہ روح پرور محفل میلاد شریف سر سید میموریل ہال، ایمبیسی روڈ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔











