جدہ(روشن پاکستان نیوز) آرمی پبلک اسکول کے سانحے کو 11 سال گزر جانے کے باوجود اس کا غم آج بھی پاکستانی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقیم سینئر صحافی اور پاک اوورسیز میڈیا فورم کے سرپرستِ اعلیٰ سید مسرت خلیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور یہ ایک ایسا سانحہ ہے جسے قوم کبھی نہیں بھلا سکتی۔ انہی شہداء کی یاد میں سید مسرت خلیل کی جانب سے ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جدہ کی صحافتی برادری نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاک اوورسیز میڈیا فورم کے چیئرمین چوہدری ریاض گھمن نے کہا کہ ہم اپنے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 11 سال گزرنے کے باوجود یہ سانحہ ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہم شہید ہونے والے بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض بھی چوہدری ریاض گھمن نے انجام دیے۔
تعزیتی تقریب کے مہمانِ خصوصی سینئر صحافی اور یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے جس نے پوری قوم کو رنج و غم میں مبتلا کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی برادری شہداء کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
تقریب میں شریک دیگر صحافیوں نے بھی اے پی ایس کے ننھے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ معصوم بچوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ صحافیوں کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ آج بھی پوری قوم کے لیے ایک دردناک یاد ہے۔
تعزیتی تقریب میں شریک صحافیوں میں پاک اوورسیز میڈیا فورم کے صدر راجہ شعیب الطاف، شباب بھٹہ، یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے جنرل سیکریٹری عاطف علی وٹو، نائب صدر عديل ریاض اور سینئر صحافی عديل نذیر شامل تھے، جبکہ تلاوتِ قرآنِ پاک صحافی احمد فواد سواتی نے کی۔
تقریب کے اختتام پر سینئر صحافی عديل نذیر نے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے لیے خصوصی دعا کروائی، جس میں شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور ملک میں امن و سلامتی کی دعا کی گئی۔











