چکوال(روشن پاکستان نیوز) چکوال/ملہال مغلاں کے عوام اور سابقہ فوجیوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے کہ ملہال مغلاں میں فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، جس پر عملی کام جلد شروع ہونے جا رہا ہے۔
یہ اہم پیش رفت راجہ ضمیر الدین احمد کی نشاندہی اور کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے سابقہ فوجیوں کے سالانہ اجلاس کے دوران اس علاقے میں فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کی ضرورت اجاگر کی تھی۔ بعد ازاں، سابقہ سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ایک باضابطہ خط کے ذریعے ملہال مغلاں میں ہسپتال کے قیام کی درخواست کی گئی، جسے مکمل قانونی اور انتظامی عمل کے بعد منظور کر لیا گیا۔
فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ آفس نے ہسپتال کے قیام کے عملی مراحل شروع کرتے ہوئے راجہ ضمیر الدین احمد اور دیگر متعلقہ افراد کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ مستقل عمارت کی تعمیر تک عارضی طور پر کرائے کی عمارت حاصل کر کے بی ایچ یو (BHU) لیول کی بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس ضمن میں ابتدائی کام تیزی سے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق، فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ آفس کی ٹیم آئندہ چند دنوں میں ملہال مغلاں کا دورہ کرے گی، جہاں عمارت کو حتمی شکل دے کر ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں مستحق افراد سمیت عام عوام کو بنیادی علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: چکوال: ڈی پی او کاشف ذوالفقار کی یقین دہانی — پاکستانی پختونوں کو “افغانی” کہہ کر تنگ نہیں کیا جائے گا
اس اعلان کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کے قیام سے نہ صرف سابقہ فوجیوں بلکہ عام شہریوں کو بھی بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور علاج معالجہ کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنے کی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
ان شاء اللہ، یہ منصوبہ علاقے کے عوام کے لیے صحت کی سہولیات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔











