پیر,  15 دسمبر 2025ء
راولپنڈی میں خزاں کے موسم میں گلِ داودی کی رنگا رنگ نمائش کا آغاز
راولپنڈی میں خزاں کے موسم میں گلِ داودی کی رنگا رنگ نمائش کا آغاز

راولپنڈی(عرفان حیدر)  ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے علامہ اقبال پارک میں موسم خزاں میں کھلنے والے منفرد پھول گلِ داودی کی رنگا رنگ نمائش کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے دوران ملک ابرار احمد اور انجینئر عامر خٹک نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مختلف خوبصورت پھولوں کے سٹالز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

نمائش میں سی ایم ایچ، اے ایف آئی پی ہارٹیکلچر ایجنسی اور دیگر اداروں نے اپنے سٹالز سجائے اور خوبصورت پھولوں سے پارک کو دیدہ زیب بنایا۔ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے طلبہ و طالبات نے بھی ماڈلز اور سجاوٹ کے ذریعے نمائش میں حصہ لیا۔

ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا کہ ایسی نمائشیں عوام کے لیے بہترین تفریحی سرگرمیاں فراہم کرتی ہیں اور پھولوں کی نمائش کے ذریعے امن کا پیغام بھی دیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایچ اے راولپنڈی کا سرسبز و شاداب شہر کی جانب اہم قدم، نرسریز میں پودوں کی افزائش اور خود کفالت کا عمل جاری

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ یہ نمائش یہ پیغام دیتی ہے کہ خزاں کے موسم میں بھی پھول کھلتے ہیں اور رنگ بکھرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو دعوت دی کہ وہ نمائش کا دورہ کریں اور خوش رنگ پھولوں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں۔

نمائش میں گلِ داودی کی مختلف اقسام رکھی گئی ہیں، جن کے مناظر دیکھنے والوں کو مسحور کر رہے ہیں۔ سٹالز لگانے والے اداروں میں سی ایم ایچ، اے ایف آئی پی اور دیگر شامل ہیں۔ ایریڈ اینڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے پھولوں کے سٹالز اور ماڈلز کے ذریعے نمائش کو خوبصورتی اور سماجی پیغام رسانی کے حوالے سے خاص رونق بخشی۔

نمائش کا مقصد گلِ داودی پھول کی خوبصورتی اور منفرد حیثیت کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ نمائش 17 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی۔

مزید خبریں