بدھ,  10 دسمبر 2025ء
پیپلز پارٹی رہنما خالد نواز بوبی کا محفلِ میلاد سے خطاب

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک خالد نواز بوبی نے کہا ہے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانا امت کے لیے خیر و برکت کا باعث ہے۔ نبی کریم ﷺ کی عظمت و رفعت کے ڈنکے قیامت تک بجتے رہیں گے۔ آپ ﷺ رحمت للعالمین بن کر آئے اور آپ کی حیاتِ پاک بنی نوع انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے یہ بات پیپلز کلچر ونگ کے زیراہتمام منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ملک مجاہد اعوان، فیضان سلیمی، ملک اظہر اعوان، گلگت بلتستان کے سابق اسپیکر سید امجد علی زیدی، پیپلز کلچر ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدر رفعت علی قیصر، عاصم علی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

یہ محفل میلاد پیپلز کلچر ونگ راولپنڈی ڈویژن کی چیف آرگنائزر روبینہ قریشی اور ان کی صاحبزادیوں نور علی اور دعا علی کی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی خوشی میں منعقد کی گئی۔

ملک خالد نواز بوبی نے روبینہ قریشی اور ان کی صاحبزادیوں کو عمرے کی سعادت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نبی پاک ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ آپ ﷺ کی سیرت پر عمل کرکے اپنی زندگی سنواریں۔

محفل کے اختتام پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

مزید خبریں