جمعرات,  04 دسمبر 2025ء
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کا ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا دورہ

راولپنڈی(عرفان حیدر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینیئر عامر خٹک نے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی آفس کا دورہ کیا،اس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی اور دیگر سٹاف نے کمشنر راولپنڈی کا استقبال کیا،ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر انتظام راولپنڈی شہر میں جاری پارکوں اور گرین بیلٹس کی بیوٹیفیکیشن اور اپگریڈیشن کے حالیہ اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمشنر راولپنڈی انجینیئر عامر خٹک نے شہر کو خوبصورت اور سر سبز بنانے کے حوالے سے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی کاوشوں کی تعریف کی،اس موقع پر انجینئر عامر خٹک نے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر انتظام گورکھ پور نرسری میں پودوں اور پھولوں کی افزائش کے عمل کو سراہا، نرسری میں افزائش کے عمل کو مزید موثر بنانے پر زور دیا،انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں سر سبز ماحول کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں،اس کے علاوہ کمشنر راولپنڈی نے میٹرو ٹریک کے پلرز کو بیوٹیفائی کرنے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دیں،پارکوں کی سیکیورٹی اور خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات بھی دیں،ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی آفس کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینیئر عامر خٹک کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی شہر کو پھولوں کے شہر میں تبدیل کرنے اور سر سبز ماحول کو فروغ دینے کے لیے شجرکاری مہم پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے،شجرکاری مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسے پودے لگائے جائیں جو زیادہ سے زیادہ نشونما پائیں اور پھر باقاعدہ ایک مربوط نظام کے تحت ان کی نگہداشت کے کام کو بھی سرانجام دیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں معذور افراد کے لیے خصوصی طور پر سہولیات فراہم کی جائیں اور عوام کو بہترین تفریحی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔

اس موقع پر احمد حسن رانجھا نے عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور راولپنڈی کو پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق سر سبز شہر بنائیں گے۔

مزید خبریں