بدھ,  03 دسمبر 2025ء
چلڈرن پارک کمیٹی چوک کی سجاوٹ مکمل، پارک شہریوں کی توجہ کا مرکز

راولپنڈی (عرفان حیدر): ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے چلڈرن پارک کمیٹی چوک کی خوبصورتی اور سجاوٹ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پارک رنگ برنگے پھولوں اور دلکش مناظر سے شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی کی ہدایات پر شہر بھر کے پارکس کی خوبصورتی میں اضافہ، سردیوں میں پودوں کی حفاظت، اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں احمد حسن رانجھا کی نگرانی میں چلڈرن پارک کی مکمل سجاوٹ اور پودوں کی دیکھ بھال کا عمل مکمل ہوا۔

پارک میں موجود رنگین پھول اور خوبصورتی سے سجی فضا موسمِ بہار کا منظر پیش کر رہی ہے، جہاں فیملیز بڑی تعداد میں آ کر تفریحی سہولیات سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

ہارٹیکلچر ایجنسی کا عملہ بھی بھرپور محنت کے ساتھ باغبانی کے امور سرانجام دے رہا ہے اور سردی کے اثرات سے پودوں کو بچانے کے لیے سرگرم ہے۔

احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ شہریوں کے لیے صحت بخش اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اور پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو سرسبز و خوبصورت بنانے کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں شجرکاری مہم بھی جاری ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی لائی جا سکے۔

مزید خبریں