منگل,  25 نومبر 2025ء
صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے لیے کمیشن کا پہلا اجلاس، کمال الدین ٹیپو کی صدارت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)  صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے لیے قائم کمیشن کے پہلے اجلاس کی صدارت جناب کمال الدین ٹیپو نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر کے مختلف میڈیا نمائندوں کے مسائل، پیشہ ورانہ چیلنجز اور صحافتی حفاظت کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں کمیشن کے اراکین نے صحافیوں کی پیشہ ورانہ آزادی کو یقینی بنانے اور ان کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیشن نے رپورٹیں تیار کرنے اور فوری طور پر ان پر عمل درآمد کے طریقہ کار بھی طے کیے تاکہ صحافیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی ہراسانی یا دھمکی کے مواقع کو کم کیا جا سکے۔

 کمال الدین ٹیپو نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آئینہ دار ہیں اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ملکی صحافتی اقدار کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن ہر صورت میں صحافیوں کے حقوق کی حفاظت کرے گا اور کسی بھی غیر قانونی یا طاقت کے غلط استعمال کو برداشت نہیں کرے گا۔

اجلاس کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گا اور میڈیا پروفیشنلز کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گا۔ اس موقع پر کمیشن کے دیگر اراکین، میڈیا نمائندے اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں