اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اساس انٹرنیشنل اسکول ایف۔8 کیمپس میں ہائی اچیورز اور انویسٹیچر تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں طلبہ کی علمی کارکردگی، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد برانچ ہیڈ محترمہ صباء مبشر نے پُرمغز خوش آمدیدی خطاب کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور طلبہ، اساتذہ اور والدین کی محنت، لگن اور تعاون کو سراہا۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اساس انٹرنیشنل اسکول کی ان کوششوں کو سراہا جو علمی معیار کے ساتھ اخلاقی و شخصی تربیت کو یکجا کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ ایمانداری، دیانت اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کے ساتھ قیادت کے فرائض انجام دیں۔ڈاکٹر ارشد ضیاء، ڈائریکٹر اساس انٹرنیشنل اسکول، نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اور منتخب پریفیفٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ادارے کے اس عزم کو دہرایا کہ اساس ہمیشہ ہمہ جہت تعلیم اور کردار سازی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گا۔تقریب میں نمایاں طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا، طلبہ کونسل کی حلف برداری ہوئی، اور طلبہ کی پُراثر پرفارمنسز نے حاضرین سے داد وصول کی۔تقریب اختتامی کلمات اور شکریے کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی، جہاں اساس انٹرنیشنل اسکول کے وژن اعتماد، قیادت اور خدمت کے جذبے سے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کو ایک بار پھر اجاگر کیا گیا۔

				
															
								
								
								
								
								




								
															




