جمعه,  31 اکتوبر 2025ء
پنجاب سوشل سیکیورٹی اور آئی ایل او کا ہیلتھ سروسز اکیڈمی کا دورہ، مزدوروں کی صحت کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پنجاب سوشل سیکیورٹی کے کمشنر محمد علی اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے پراجیکٹ منیجر نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کیا۔

ملاقات میں مزدور طبقے اور ان کے اہل خانہ کے لیے پنجاب کے صنعتی علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے معیاری طبی خدمات تک رسائی میں اضافہ، سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور مزدوروں کے لیے پائیدار صحت کے منصوبوں کے نفاذ جیسے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے صحت کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزدور طبقہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ان کے لیے معیاری طبی سہولیات تک رسائی ترجیح ہونی چاہیے۔

دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے شواہد پر مبنی منصوبے تیار کیے جائیں گے تاکہ پیشہ ورانہ صحت اور فلاحی خدمات میں بہتری لائی جا سکے۔

یہ دورہ حکومتی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔

مزید خبریں