منگل,  28 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد: پاک–ترک دوستی ہفتہ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، ثقافتی و تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے زیرِ اہتمام پاک–ترک دوستی ہفتہ کی افتتاحی تقریب پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) اسلام آباد میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ الرحمان تھے، جبکہ پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر عرفان نزیروغلو (H.E. Irfan Neziroğlu) نے خصوصی شرکت کی۔
مہمانوں کا پرتپاک استقبال رکنِ قومی اسمبلی و فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سیدہ آمنہ بتول اور فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سید ذیشان نقوی نے کیا۔

تقریب کے دوران مہمانوں نے پاک–ترک تاریخی تعلقات پر مبنی تصویری نمائش کا بھی دورہ کیا، جس میں دونوں ممالک کی تاریخی یادگاروں، ثقافتی ورثے، باہمی تعاون اور قیادت کی ملاقاتوں پر مبنی نایاب تصاویر آویزاں تھیں۔
نمائش کو شرکاء نے دوستی کے دیرینہ رشتے کی خوبصورت عکاسی قرار دیا۔

وزیرِ مملکت حذیفہ الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان دونوں ممالک کے روشن مستقبل کے معمار ہیں، اور باہمی تعاون و اختراع کے ذریعے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔

ترکی کے سفیر عرفان نزیروغلو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ترکی کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات قائم رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی ان رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

ایم این اے سیدہ آمنہ بتول نے کہا کہ پاک–ترک دوستی ہفتہ کا مقصد نوجوانوں، تعلیم، ثقافت اور اختراع کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں۔

فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سید ذیشان نقوی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لیے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نوجوان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، اور مستقبل میں مزید ایسے پروگرام دوستی کے نئے باب رقم کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاک–ترک دوستی ہفتہ کے دوران مختلف ثقافتی تقریبات، نمائشیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

مزید خبریں