اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والا ڈریم فیسٹ 2025 کا فٹبال میچ جوش و خروش اور شاندار انتظامات کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر سی آئی او ڈریم فیسٹ ارسلان مشتاق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان علی نقوی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
میچ میں دو ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، ایک سیلیبرٹیز پر مشتمل جبکہ دوسری غیر ملکی کھلاڑیوں کی ٹیم تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس سے شائقینِ کھیل خوب لطف اندوز ہوئے۔
اختتامی تقریب میں جیتنے والی ٹیموں میں شیلڈز اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سید ذیشان علی نقوی نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور کھیلوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان کی معروف اداکارہ ہیرا مانی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ انہوں نے ایوارڈز تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانا ایک خوش آئند قدم ہے، کیونکہ مثبت سرگرمیاں ہی نوجوان نسل کو ایک روشن مستقبل کی جانب لے جاتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان علی نقوی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لیے ترقی، تعلیم، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے متحرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اس تقریب کے انعقاد پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ملک بھر میں نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ معاشرے کا مثبت اور مؤثر حصہ بن سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایونٹ کے شاندار انتظامات اور کھیلوں کے فروغ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے پروگرامز نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کریں گے۔