راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ جاوید اشرف نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس آنے والی محترمہ بینظیر بھٹو پر کیا جانے والا حملہ دراصل جمہوریت پر حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کارساز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور پیپلز پارٹی آج بھی عوامی خدمت اور جمہوریت کے تسلسل کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر راجہ بشارت جزبی، دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مقررین نے سانحہ کارساز کو ملکی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس المناک واقعے کی مکمل تحقیقات منظرِ عام پر لائی جائیں اور ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔
