پیر,  06 اکتوبر 2025ء
پیر ہاؤس بری امام سرکار میں سالانہ بڑی گیارہویں شریف کی روحانی محفل کا انعقاد

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): ہر سال کی طرح اس سال بھی سالانہ بڑی گیارہویں شریف حضرت سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کی نسبت سے پیر ہاؤس بری امام سرکار میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ روحانی محفل کا آغاز چراغاں سے ہوا، جس کے بعد قبلہ پیر سید حیدر علی گیلانی صاحب نے خصوصی خطاب فرمایا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ملک پاکستان، فلسطین اور غزہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر قوال حضرات نے عشقِ رسول ﷺ اور اولیائے کرام کے حضور اپنا نذرانہ عقیدت پیش کیا، جبکہ آخر میں حسبِ روایت لنگرِ محمدی تقسیم کیا گیا۔

محفل کے موقع پر دربار حضرت بری امام سرکار کے سجادہ نشین اور مرکزی صدر قومی امن کمیٹی پاکستان پیر سید محمد علی گیلانی صاحب نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایسی محافل کا مقصد مستحقین کو لنگر کھلانا، اور تمام لوگوں کو بلا تفریق جمع کر کے ذکرِ محمد و آل محمد ﷺ کرنا ہے۔

پیر صاحب نے زور دیا کہ امت کو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنا چاہیے اور فرقہ واریت سے بچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “اللہ کا سخت عذاب ان پر ہے جو فرقہ پرستی میں مبتلا ہیں اور امت میں تفرقہ ڈالتے ہیں۔”

مزید پڑھیں: سجادہ نشین بری امام سرکار کا کچی آبادیوں کے مکینوں سے نرم رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ

انٹرویو کے اختتام پر انہوں نے ہمیشہ کی طرح محمد و آل محمد ﷺ کے وسیلے سے ملک پاکستان، افواج پاکستان، اور اہل ایمان کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

مزید خبریں