پیر,  06 اکتوبر 2025ء
بنی گالہ میں سیوریج کا بحران، گلیوں میں جمع پانی نے بچوں کا سکول جانا بھی مشکل بنا دیا
بنی گالہ میں سیوریج کا بحران، گلیوں میں جمع پانی نے بچوں کا سکول جانا بھی مشکل بنا دیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوزٌ بنی گالہ کے رہائشی شدید سیوریج مسائل اور سڑکوں کی خراب صورتحال سے دوچار ہیں۔ حالیہ دنوں ہونے والی بارشوں کے بعد گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس کے باعث نہ صرف آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ اسکول جانے والے بچوں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل سیوریج نظام کو بہتر بنانے اور گلیوں کی مرمت کے لیے سرکاری فنڈز جاری کیے گئے تھے، مگر وقت گزرنے کے ساتھ نہ تو کوئی عملی اقدام دیکھنے میں آیا اور نہ ہی فنڈز کا کوئی پتا چلا۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یا تو لوگ بھول چکے ہیں یا فنڈز کہیں گم ہو چکے ہیں۔

مقامی شہریوں نے سیاسی نمائندوں اور کارکنوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان میں تھوڑی بھی ذمہ داری یا شرم باقی ہے تو وہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کریں۔ عوام نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ کوئی سیاسی بیان نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بات ہے، اور اگر اب بھی خاموشی اختیار کی گئی تو یہ بے حسی اور بے شرمی کے مترادف ہوگی۔

رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جن افراد کی کمرشل بلڈنگز ہیں وہ اپنے پانی کے نکاس کا خود بندوبست کریں، چاہے وہ ذاتی خرچ پر کریں یا متعلقہ حکومتی اداروں سے، جنہیں عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا ہے۔ عوام نے کہا کہ ووٹ صرف اس لیے نہیں دیے گئے کہ نمائندے صرف خوشی و غم کے موقعوں پر شریک ہوں بلکہ ان کا فرض ہے کہ وہ عوامی مسائل حل کریں۔

بنی گالہ کے باسی اب سوال کر رہے ہیں: کیا ہمارے بنیادی حقوق صرف وعدوں اور دعووں تک محدود رہیں گے، یا کوئی عملی قدم بھی اٹھایا جائے گا؟

مزید خبریں