پیر,  06 اکتوبر 2025ء
بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل کے وفد کا پاکستان ورکرز فیڈریشن کے دفتر کا دورہ، مزدوروں کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل کے نمائندہ ایشیا پیسفک مسٹر ڈونگ اور ڈائریکٹر پیشہ وارانہ صحت و سلامتی سسٹر لینیا نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے قائد مزدور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود، صدر شوکت علی انجم، چیئرمین مین عبدالرحمن عاصی، وائس چیئرمین اشتیاق ورک، حاجی انور کمال، حاجی عبدالکریم، شاہد محمود، چوہدری محمد بلال، سید اعجاز بخاری، زاہد بھٹو، صفدر نفیس، محن ضیاء، حاجی صابر، سردار نسیم، وارث دلیپ، راجہ رحیم، شہناز بی بی سمیت پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کی قیادت کے ساتھ ملاقات کی۔ سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے وفد کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن اور بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل کی عرصہ دراز سے پارٹنر شپ ہے اور ہم مل کر مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہے ہیں،پاکستان میں مزدور خصوصی طور پر تعمیراتی مزدور بہت سے مسائل کا شکار ہے اور پیشہ وارانہ صحت و سلامتی کے قوانین عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات ہو رہے ہیں جس سے قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن نے تعمیراتی مزدوروں کو منظم کرنے اور حقوق کے متعلق آگاہی کے لیے ماضی میں کام کیا ہے جس کے مثبت نتائج ملے ہیں۔ مستقبل میں بھی ہم بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے ہمیں حکومتی اداروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا اس پر پاکستان ورکرز فیڈریشن مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے،بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل کے وفد نے مزدور رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور مزدور تحریک کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل نے ہمیشہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں کی ہیں، ابھی بھی ہم نے عالی ادارہ محنت اور دیگر اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں اور ہمیں امید ہے جلد ہی پاکستان میں پیشہ ورانہ صحت و سلامتی کے لیے قانون سازی کی جائے گی تا کہ مزدوروں کا تحفظ ہو سکے۔ بلڈنگ ووڈ ورکرز انٹرنیشنل پاکستان میں مزدوروں کے مسائل کے حل، نوجوانوں اور خواتین کو متحرک کرنے لییپاکستان ورکرز فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کرنے گی اور مستقبل میں ایک مشترکہ ایکشن پلان بنایا جائے گا جس پر عمل درآمد کرانے کے لیے مشترکہ کوشش کی جائے گی۔

مزید خبریں