بدھ,  01 اکتوبر 2025ء
​ ​سول سوسائٹی اسلام آباد کا غزہ کے حق اور صمود فلوٹیلا سے یکجہتی کے لیے مظاہرہ

اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) سول سوسائٹی اسلام آباد کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنان، طلباء، میڈیا نمائندوں، اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت سول سوسائٹی اسلام آباد کے نمائندے ڈاکٹر عبدالسلام نے کی۔ اس موقع پر شرکاء نے فلسطین کے حق اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ ​

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالسلام نے حکومت پاکستان اور عالمی برادری، بالخصوص مسلم ممالک کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلوٹیلا کو ممکنہ خطرات کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائیں، کیونکہ گلوبل صمود فلوٹیلا کوئی سیاسی حربہ نہیں ہے بلکہ غزہ کے بھوکے، زخمی و بیمار بچوں اور مایوس عوام کے لیے امید کی آخری کرن ہے جو ایک تباہ کن انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ فلوٹیلا ان افراد کے لیے ضروری سامان، جن میں بچوں کا دودھ، پینے کا پانی، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سامان لے کر جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا 44 ممالک کے بہادر انسانی حقوق کے کارکنان پر مشتمل یہ فلوٹیلا سنگین خطرات اور حملوں کا سامنا کر رہا ہے، جس سے ان کی جانیں خطرے میں ہیں۔ عالمی برادری اور مسلمان قیادت اس انسانی امدادی اقدام کی مکمل حمایت کے لیے آواز بلند کرے اور انہیں اسرائیلی جارحیت سے محفوظ بنانے کے اقدامات بھی کرے۔ مقررین نے اٹلی اور سپین کی حکومتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بحری جہازوں نے ہنگامی حالات میں ریسکیو سپورٹ فراہم کرنے کے لیے فلوٹیلا کے قریب اپنی پوزیشن سنبھال لی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالسلام نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے گلوبل صمود فلوٹیلا کا تحفظ یقینی بنائیں اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے خوراک اور ادویات کی راہداری کھلوائیں تاکہ بھوک اور ادویات کی کمی کی وجہ سے مرنے والے ہزاروں افراد اور بچوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔

مزید خبریں