بدھ,  01 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد: چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کی ڈاکٹر شہزاد علی خان سے ملاقات

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) وزیراعظم کے ٹیکنیکل گروپ کے رکن اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) اسلام آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں نوجوانوں کی صحت، تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شہزاد علی خان نے وزیراعظم یوتھ پروگرام میں ہیلتھ کمپوننٹ شامل کرنے کی تجویز پیش کی، جسے رانا مشہود نے سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

رانا مشہود نے HSA کی خدمات اور جاری تحقیقی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے صحت اور تربیتی پروگراموں کو یکجا کرنے اور مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

ڈاکٹر شہزاد نے یوتھ پروگرام کے تحت آگاہی مہم چلانے پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو بہتر صحت اور تربیتی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور آئندہ بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں