اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) حافظ ملک محمد بلال تنویر کے گھر جشنِ آمدِ رسول ﷺ کے سلسلے میں ایک روح پرور محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں فخرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا عبدالغفور نجم نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “جن کے صدقے ہمیں یہ دنیا ملی، ان کی خوشی منانا ہمارا حق ہے۔”
انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے اور ہمیں اپنی زندگیاں اس کے مطابق بسر کرنی چاہئیں۔ ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ نبی کریم رؤف الرحیم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت میں پیدا ہوئے۔ “ہم اپنے بچوں کی سالگرہ جوش و خروش سے مناتے ہیں، تو پھر ان ہستی کا یومِ پیدائش کیوں نہ منائیں جن کی وجہ سے ہمیں یہ سب کچھ ملا؟ ہمیں گج وج کر حضور ﷺ کی آمد کا دن منانا چاہیے،” انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔
محفل میں ملک تنویر نوشاہی، شیخ حماد طاہر، غلام عباس کہوٹ، شیخ شہباز، ملک قاسم مجید سمیت دیگر معزز مہمانوں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جبکہ ادارہ معار القرآن کے طلباء بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
محفل کا اختتام ختمِ قرآن پاک اور خصوصی دعا سے کیا گیا، جس کے بعد حاضرین کے لیے لنگرِ شریف کا بھی اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے اس روحانی محفل کو سیرتِ نبوی ﷺ کے فروغ اور عشقِ رسول ﷺ کی تازگی کا ذریعہ قرار دیا۔