هفته,  13  ستمبر 2025ء
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد

سجادہ نشین درگاہ بری امام پیر سید حیدر علی گیلانی کی صدارت، خطاب و خصوصی دعا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید واجد گیلانی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں محفل میلاد النبی ﷺ کا روح پرور انعقاد کیا گیا۔ محفل کی صدارت معروف روحانی شخصیت اور سجادہ نشین درگاہ بری امام چراغِ بری پیر سید حیدر علی گیلانی نے کی۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید حیدر علی گیلانی نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کا اصل مقصد صرف محفل کا انعقاد نہیں بلکہ سیرتِ طیبہ پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو آقا کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی محافل کا اصل ثمر تب ہی حاصل ہوتا ہے جب ہمارا کردار، گفتار اور عمل حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کا عملی عکس بن جائے۔

محفل کے اختتام پر پیر سید حیدر علی گیلانی نے ملک و ملت کی سلامتی، عالم اسلام کے اتحاد، شہید میجر عدنان اور تمام شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

مزید پڑھیں: مسلمانوں کو یہودیوں کی چالوں سے ہوشیار رہنا ہوگا: سجادہ نشین بری امام سرکار پیر سید محمد علی گیلانی

محفل میلاد میں وکلاء، ججز، بار کے اراکین اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور روحانی ماحول سے فیض حاصل کیا۔

مزید خبریں