پیر,  08  ستمبر 2025ء
بلیو ایریا تاجر الائنس: 9 ستمبر کا سورج کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، رہنماؤں کا عزم

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) بلیو ایریا تاجر اتحاد گروپ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 9 ستمبر کو ہونے والے تاجر الیکشن بلیو ایریا کے تاجروں کے مسائل کے حل میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ طویل جدوجہد کے بعد انتخابات کا راستہ اختیار کرکے ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ صرف منتخب نمائندے ہی تاجروں کے دیرینہ مسائل حل کر سکتے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرستِ اعلیٰ سید ندیم منصور، چیئرمین چوہدری فرقان، امیدوار برائے صدر طارق محمود کھوکھر، سینئر نائب صدر سید مبشر شاہ، اور امیدوار برائے جنرل سیکرٹری محمد خورشید نے کہا کہ بلیو ایریا میں گزشتہ 9 سال سے انتخابات نہیں ہوئے تھے، جس کا خاتمہ تاجر اتحاد گروپ اور اس کے اتحادیوں کی کاوشوں سے ممکن ہوا۔ اب 9 ستمبر کو بلیو ایریا میں شفاف الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ واحد ہے جو باقاعدہ منشور کے ساتھ میدان میں اترا ہے اور ہم تاجر برادری کے تمام حل طلب مسائل کو انشاء اللہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

پریس کانفرنس میں محمد نصیر عباسی، میاں حسنین علی، عبدالباسط (نائب صدر)، ملک اسد عمران، ذیشان حیدر شاہ، محمد ابوبکر، چوہدری نعمان، محمد رضوان، ریاض احمد بلوچ، عمران حیدر، فنانس سیکریٹری محمد کاشف، عمران خان سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان انتخابات پر پورے شہر کی نظریں مرکوز ہیں۔ ہمیں اپنے الیکشن کمیشن پر مکمل اعتماد ہے اور ہم شفاف انتخابات کے خواہاں ہیں۔ اگرچہ ہم جیت کے لیے پرعزم ہیں، تاہم اگر الیکشن ہار بھی گئے تو جیتنے والوں کا ساتھ دیں گے کیونکہ تاجروں کی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ الیکشن دو سال کی مدت کے لیے ہے، اور اگر ہم کارکردگی سے مطمئن کر سکے تو تاجر ہمیں دوبارہ کامیاب کروائیں گے۔ انہوں نے سابقہ 9 سال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ برسوں سے قابض رہے لیکن کچھ نہ کر سکے، وہ اب کیا کریں گے؟

مزید خبریں