اتوار,  07  ستمبر 2025ء
پاکستان میں خواتین کے بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم: راولپنڈی میں خواتین پر مشتمل پہلی فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کا افتتاح

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت، ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسی فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کا افتتاح کیا گیا ہے، جہاں کچن سے لیکر ڈلیوری تک تمام عملہ خواتین پر مشتمل ہےجبکہ کھانے کیلئے میل،فی میل اورفیملیز سبھی آسکتے ہیں۔ یہ منفرد آؤٹ لیٹ نیو یارکر پیزا کی جانب سے راولپنڈی کے فیلکن کمپلیکس میں قائم کی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری وجہیہ قمر تھیں جبکہ مختلف شعبہ زندگی کی نامور خواتین ، جن میں معروف اداکارہ ثانیہ سعید، بہبود ایسوسی ایشن آف پاکستان کی صدر عابدہ ملک، پانچ دفعہ کی قومی باکسنگ چمپیئن ہادیہ کمال، قومی باکسنگ کوچ شہناز کمال خان، پی ایچ ڈی ڈاکٹر سیدہ عروج بابر نیشنل اسمبلی آف پاکستان کی سینئر آفسیر رباب تبسم نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی،پروگرام میں مشہور شاعر رحمان فارس نے بھی شرکت کی جنہوں نے اس اقدام کو پاکستان میں خواتین کے روشن مستقبل کی جانب ایک قدم قرار دیا۔ یہ فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ صرف کھانے کی جگہ نہیں، بلکہ مواقع، خودمختاری، اور ترقی کی علامت بن چکی ہے۔ یہاں ہر کام کچن سے لے کر کسٹمر سروس اور مینجمنٹ تک خواتین انجام دے رہی ہیں پاکستان جیسے ملک میں جہاں خواتین کو معاشی مواقع حاصل کرنے میں دشواری ہوتی ہے، وہاں اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔ نیو یارکر پیزا کے برانڈ اونر پاک فضائیہ سے ریٹائرڈ اسکورڈن لیڈر سید عادل بابر نے کہا کہ انہیں اپنی والدہ کو کام کرتے دیکھ کر خواتین کو با اختیار بنانے کا خیال آیا، یہ برانچ اپنی والدہ سیدہ عشرت بابر جو کہ شعبہ تدریس سے وابستہ رہی ہیں اور پرنسپل کے عہدے سے ریٹائرڈ ہیں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قائم کی ہے، اس وقت راولپنڈی اسلام آباد ، واہ کینٹ، کامرہ، کوئٹہ اور پشاور میں نیو یارکر پیزا کی بارہ برانچز کام کر رہی ہیں، مہمانِ خصوصی وجہیہ قمر نے کہا کہ ایسی تمام خواتین خوش قسمت ہیں جنہیں اپنے گھر سے سپورٹ حاصل ہے، سیاست جیسی مشکل فیلڈ میں آنے کا فیصلہ خود کیا ہے، ہمیں اپنے بیٹوں اور بچوں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے کہ وہ خواتین کا احترام کریں، بہبود ایسوسی ایشن کی صدر عابدہ ملک نے کہا کہ اس طرح کی کاوشیں پاکستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔یہ صرف ایک ریسٹورنٹ نہیں بلکہ خواتین کی خود مختاری کی ایک نئی داستان ہے۔ثانیہ سعید نے کہا کہ خواتین کو آگے لائے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، نیو یارکر پیزا کی یہ پہل صرف سوچ نہیں، ایک عملی قدم ہے، جو پاکستان میں ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔قومی اسمبلی میں خدمات سرانجام دینے والی سینئر آفیسر رباب تبسم نے کہا کہ نیو یارکر پیزا انتظامیہ کا یہ خوش آئند اقدام ہے جس سے اس بات کو مزید تقویت ملے گی کہ عورت بھی معاشرے کا مضبوط فرد ہےاور ہر شعبے میں مرد کے شانہ بشانہ کام کر سکتی ہے، تقریب میں شامل نامور خواتین نے اپنی زندگی کے تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا،ایک سوال کے جواب میں برانڈ اونر نے کہا کہ جن حضرات کو لگتا ہے کہ خواتین یہ کام نہیں کر پائیں گی۔ میں ان تمام دوستوں سے گزارش کروں گا کہ ضرور اس آوٹ لیٹ پر تشریف لائیں ۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا اور مہمانوں میں گفٹ تقسیم کئے گئے۔

مزید خبریں