راولپنڈی(ظہیر احمد)ووشو کنگفو اکیڈمی کے چیف انسٹرکٹر منصور احمد نے کہا ہے کہ ووشو کنگفو ایک بہترین دفاعی گیم ہے اور یہ نہ صرف بچوں میں خوداعتمادی پیدا کرتی ہے بلکہ نوجوان نسل کودفاعی حوالے سے مضبوط بنانے کے ساتھ معاشرے کا مفید شہری بھی بناتی ہے۔ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ووشو کنگفو اکیڈمی کی خدمات بہترین انداز میں جاری ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی قوم کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ میدان ملے تاکہ نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں اور فتنہ فساد، لڑائی جھگڑوں اور نشے جیسی برائیوں سے بچ سکیں کیونکہ کھیل خاص طور پر ووشو کنگفو صحت مند معاشرے کی تشکیل میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ووشو کنگفو کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے شاولین ووشو کنگفو اکیڈمی کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس لیاقت آباد میں ووشو کنگفو و کھیلوں کی سرگرمیوں کی ضرورت اور فروغ کے حوالے سے یہاں منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میڈم ہی ژنلی، وانگ جایا، شاہد خان، گوہر حیات خان و دیگر نے بھی صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کی ضرورت خاص طور پر ووشو کنگفو کی اہمیت پر زور دیا، چیف انسٹرکٹر منصور احمد نے مزید کہا کہ ووشو کنگفو خود اعتمادی کے ساتھ معاشرے میں توازن پیدا کرنے والا خوبصورت دفاعی کھیل ہے پاکستانی عوام کھیلوں کے ساتھ پیار کرنے والی قوم ہے اور عوام کے لیے کھیلوں کی فروغ کے لیے اپنی خدمات احسن انداز میں ادا کرتے رہیں گے، پاکستان کی نوجوان نسل اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور اپنی نوجوان نسل کو بہترین ڈائریکشن مہیا کرنا اور ان کی راہنمائی کرنا ضروری ہے۔
