اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک عظیم الشان اجتماعِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد 5 ستمبر بروز جمعہ فیضانِ مدینہ مرکز، جی-11 میں کیا جا رہا ہے، جو نمازِ عشاء کے فوراً بعد شروع ہوگا اور صبح نمازِ فجر تک جاری رہے گا۔
رواں سال 1500 سالہ عید میلاد النبی ﷺ کو نہایت جوش و جذبے اور والہانہ عقیدت کے ساتھ منانے کی تیاریاں جاری ہیں، اور اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے کیے گئے اس اجتماع میں شہر بھر سے ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت متوقع ہے۔
اس بابرکت اجتماع میں ذکر و نعت، اصلاحِ اعمال اور ایمان افروز بیانات کا سلسلہ جاری رہے گا، جن میں مبلغینِ دعوتِ اسلامی دینی و اخلاقی موضوعات پر روشنی ڈالیں گے اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے مبارک پہلو اجاگر کیے جائیں گے۔
اجتماع میں شریک تمام عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے اجتماعی لنگر کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے تاکہ محفل میں روحانی غذا کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی ضیافت کا بھی مکمل انتظام ہو۔
دعوتِ اسلامی کی تنظیمی ذمے داران نے تمام عاشقانِ رسول ﷺ کو اجتماع میں بروقت شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اجتماعات معاشرے میں محبتِ رسول ﷺ، دینی بیداری اور اخلاقی تربیت کا ذریعہ بنتے ہیں، لہٰذا ہر مسلمان کو ان میں شرکت کر کے اپنی دنیا و آخرت سنوارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔