پیر,  25  اگست 2025ء
قصور وار چاہے میرا خاندان ہو یا کوئی اور، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان علی قریشی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان، سلمان علی قریشی نے نیشنل پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران گارڈن ٹاؤن میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھگڑے کے وقت وہ شہر سے باہر موجود تھے اور اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر واپسی پر انہیں واقعے کی اطلاع ملی، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر معاملے کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا۔ سلمان علی قریشی نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مکمل شفافیت اور غیرجانبداری کے قائل ہیں۔ ان کے بقول، “میرے رہنما میاں محمد شہباز شریف ہمیشہ سچائی، انصاف اور قانون کی بالادستی پر زور دیتے ہیں۔ انہی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اعلان کرتا ہوں کہ اگر اس واقعے میں میرے خاندان کا کوئی بھی فرد قصور وار پایا گیا تو میں خود اس کے خلاف قانونی کارروائی کرواؤں گا۔ اور اگر دوسری فریق ذمہ دار نکلی تو قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔”ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ انہیں اٹارنی جنرل فار پاکستان جناب منصور اعوان اور وفاقی وزیر قانون جناب اعظم نذیر تارڑ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ ایک محنتی اور باصلاحیت وکیل کی حیثیت سے اس منصب تک پہنچے ہیں، اور اپنی پوری زندگی میں کبھی اپنے عہدے کا ناجائز استعمال نہیں کیا۔”میں نے ہمیشہ قانون، انصاف اور سچائی کا ساتھ دیا ہے۔ میری اولین ترجیح قانون کی بالادستی ہے، نہ کہ ذاتی مفاد۔ میں نے کبھی ظلم یا ناانصافی کی حمایت نہیں کی، اور آئندہ بھی ہمیشہ انصاف کے اصولوں پر کاربند رہوں گا۔”سلمان علی قریشی نے اپنی پریس کانفرنس کے اختتام پر کہا کہ وہ ہر حال میں قانون کا احترام کرتے ہیں، اور کسی بھی دباؤ یا رشتہ داری کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

مزید خبریں