اتوار,  24  اگست 2025ء
ابصار عالم کی والدہ مرحومہ کی رسمِ قل، سیاسی و صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے علاقے بری امام ہاؤس میں سینئر صحافی اور سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی والدہ مرحومہ کی رسمِ قل منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

رسمِ قل کی محفل میں راجہ سرفراز اکرم، محمد وسیم، ڈاکٹر ریاض جنجوعہ، امتیاز جنجوعہ کے علاوہ دیگر عمائدینِ علاقہ اور ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔ شرکاء نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور قرآن خوانی کے بعد مرحومہ کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر مقررین اور شرکاء نے کہا کہ ابصار عالم کی والدہ مرحومہ ایک نیک سیرت، دین دار اور خدمتِ خلق کا جذبہ رکھنے والی شخصیت تھیں، جنہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ انسانی خدمت اور بچوں کی بہتر تربیت میں گزارا۔ ان کی وفات نہ صرف خاندان کے لیے بلکہ پورے حلقے کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

شرکاء نے ابصار عالم اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

مزید خبریں