اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ فیلوشپ اسلام آباد چیپٹر کی ایک اہم میٹنگ جنرل سیکرٹری آغا شیراز بشارت کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں چیپٹر کے صدر صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر نوجوان اسکاؤٹس کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ نئے شامل ہونے والے ممبران کو صدر اور جنرل سیکرٹری نے خوش آمدید کہا۔
میٹنگ کا بنیادی مقصد ملک میں اسکاؤٹ سرگرمیوں کو مزید فعال بنانا اور حالیہ موسمی حالات کے پیش نظر سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلاحی سرگرمیوں کو مؤثر اور تیز تر بنانا تھا۔
صدر صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی نے اپنے خطاب میں اسکاؤٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “اسکاؤٹ تحریک کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو قیادت، نظم و ضبط اور خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں اسکاؤٹس کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔”
جنرل سیکرٹری آغا شیراز بشارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ فیلوشپ نہ صرف نوجوانوں کی کردار سازی کر رہی ہے بلکہ قومی آفات کے دوران عملی خدمات بھی انجام دے رہی ہے۔
شرکائے اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسکاؤٹس ہر موقع پر قومی یکجہتی، رضاکارانہ خدمت اور انسانیت کی مدد کے جذبے کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، سیلاب متاثرین کی بحالی، اور اسکاؤٹ تحریک کی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔