اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یومِ آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد میں خصوصی تعلیم کے طلباء کی جانب سے “معرکہ حق” اور یومِ آزادی کے عنوان سے ایک پرجوش روڈ شو اور روڈ واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس واک کا مقصد پاکستان کی تاریخی فتوحات کا جشن منانا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
واک کا آغاز نیشنل لائبریری اینڈ ریسورس سینٹر (F-7) سے ہوا، جو ایف-سیون مارکیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس پر وقار تقریب میں نہ صرف خصوصی طلباء نے بھرپور شرکت کی بلکہ مختلف این جی اوز، وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام، ٹریفک پولیس کے اہلکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کر کے یکجہتی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر سید علی رضا بخاری (ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ) اور کیپٹن آصف اقبال بھٹی سمیت اہم شخصیات موجود تھیں، جنہوں نے طلباء کے جذبے کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
منتظمین کے مطابق، یہ روڈ شو اس بات کی علامت ہے کہ خصوصی افراد بھی وطن سے محبت اور قومی دنوں کے جشن میں پیش پیش ہیں۔ معذوری کے باوجود طلباء کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا، جو پورے معاشرے کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔
یہ اقدام نہ صرف جشن آزادی کی تقریبات کا حصہ تھا بلکہ معاشرے میں شمولیت، قومی یکجہتی اور خصوصی افراد کی خود اعتمادی کو فروغ دینے کی ایک قابلِ تحسین کوشش بھی تھی۔