اتوار,  17  اگست 2025ء
سجادہ نشین بری امام سرکار کا کچی آبادیوں کے مکینوں سے نرم رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سجادہ نشین بری امام سرکار، پیر سید محمد علی گیلانی نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں، خصوصاً سید پور، نور پور شاہاں اور بری امام کے گرد واقع کچی آبادیوں کے معاملے پر نظر ثانی کریں اور ان علاقوں کے مکینوں کو بے دخل کرنے سے قبل متبادل رہائش کی فراہمی یقینی بنائیں۔

پیر ہاؤس بری امام سرکار سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ “ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے، لیکن اگر ماں اپنا کردار ادا نہ کرے تو بچے نافرمان ہو جاتے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام بھی غرباء اور سفید پوش طبقے کے ساتھ نرمی اور رحم دلی کا درس دیتا ہے۔

پیر سید محمد علی گیلانی نے متنبہ کیا کہ اگر ان کچی آبادیوں کے مکینوں کو اس موسم میں بے گھر کیا گیا تو یہ اللہ کی مخلوق در بدر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سید پور کے بعد اب نور پور شاہاں اور بری امام کے رہائشیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں، جنہیں فوری طور پر توجہ اور ہمدردی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان، صدر مملکت، آرمی چیف، چیئرمین سینیٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم انسانی مسئلے پر خصوصی توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “بروز محشر اللہ تعالیٰ دارالحکومت کی خوبصورتی سے متعلق نہیں بلکہ اپنی مخلوق کے ساتھ ہمارے رویے پر سوال کرے گا۔”

آخر میں پیر صاحب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد و آل محمدؐ کے صدقے پاکستان کی عوام پر رحم فرمائے اور ملک پر اپنی خاص نظرِ کرم رکھے۔

مزید خبریں