اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) گیگا گروپ نے 16 اور 17 دسمبر 2025 کو گیگا سٹی، اسلام آباد میں “آزادی فیسٹ” کا شاندار انعقاد کیا، جو حب الوطنی، قومی اتحاد اور حالیہ عسکری فتوحات کے اعتراف کا ایک مثالی مظہر تھا۔
تقریب کا آغاز شام 5 بجے تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ بچوں، خواتین اور نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
گیگا گروپ کے سی ای او نجیب امین پردیسی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو ان کی حالیہ شاندار فتح پر دلی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا، “یہ فتح نہ صرف عسکری کامیابی ہے بلکہ پوری قوم کے اعتماد کی عکاس ہے۔”
وائس چیئرمین اور سی ای او گیگا مال، نجیب پردیسی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر معمولی کمانڈ نے قوم کو فخر کا احساس دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے پاک فضائیہ کے پائلٹس کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جن کی دلیرانہ کارروائیوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
آزادی فیسٹ میں بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں، فوڈ اسٹالز، قومی نغمے، اور آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، جس نے شرکاء کو ایک یادگار تجربہ فراہم کیا۔
تقریب کا اختتام دعا اور قومی یکجہتی کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔