جمعه,  15  اگست 2025ء
لنگ شریف: یومِ آزادی اور مئی 2025ء کی فتح کی یاد میں شاندار تقریب، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

 مانسہرہ (روشن پاکستان نیوز) ملک بھر کی طرح ضلع مانسہرہ کے گاؤں لنگ شریف میں بھی 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مئی 2025ء میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کی یاد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت محمد نواز خان کی رہائش گاہ پر کیا گیا۔

تقریب میں ایڈیٹر انچیف روزنامہ رئیس الاخبار اسلام آباد، شاہنواز خان نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں چیئرمین یوسی لنگ شریف سہیل خان، پیپلز پارٹی اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری اظہر علی خان، سائیں محمد تنولی، سب انسپکٹر آصف، شہباز خان تنولی، ممتاز تنولی، حق نواز تنولی، حمزہ تنولی، شرجیل خان، الیاس تنولی، ظہور تنولی، ندیم تنولی، باسط تنولی، جلال شاہ بخاری، امجد کیانی اور دیگر علاقائی معززین شامل تھے۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی کیک کاٹا گیا۔ وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیٹر انچیف شاہنواز خان نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” میں پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور جری افواج کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے یومِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔

شاہنواز خان نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر محمد نواز خان کی جانب سے شرکاء کے لیے پرتکلف ریفریشمنٹ اور ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے اس یادگار تقریب کے انعقاد پر محمد نواز خان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی قومی خدمات کو سراہا۔

مزید خبریں