کراچی (روشن پاکستان نیوز) کراچی پریس کلب کے باہر قومی یکجہتی اور خوشیوں کا سماں 14 اگست 2025 بروز جمعرات کراچی پریس کلب کے باہر ھیلپ آف ہیومنٹی ویلفیئر آرگنائزیشن اور پاکستان میڈیا کونسل (رجسٹرڈ) کے اشتراک سے پاکستان کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر جشنِ آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قومی پرچم لہرائے گئے اور پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ہیلپ آف ہیومنٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین حاجی محمد نزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہم سب کے لیے ایک نعمت ہے، جس کی حفاظت اور استحکام کے لیے ہمیں اپنی ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی اور فلاحِ عامہ کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، قربانی اور خدمت کے جذبے سے ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ پاکستان میڈیا کونسل کے مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد نے کہا کہ جشنِ آزادی ہمارے لیے اللہ تعالی کی ایک عظیم نعمت ہے۔ جس کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن اور خوشحال پاکستان چھوڑنا چاہیے۔ تقریب کے دوران پاکستان کے پرچم کے رنگوں سے سجی خصوصی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی رہنما، صحافی، اور معزز مہمان شریک ہوئے۔ شرکاء نے قومی نغمے گا کر وطن سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب میں قومی پرچم تقسیم کیے گئے اور سالگرہ کا کیک کاٹنے کے ساتھ وطن کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مقررین نے اس موقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ جشنِ آزادی صرف خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ یہ تجدیدِ عہد کا موقع ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اور یکجہتی کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں اس تقریب میں ایچ او ایچ کے چئیرمین حاجی محمد نزیر ، بیگم حاجی محمد نزیر، عمران بیگ، عابد گنگوئی، ریما اور عمر سلطان سمیت دیگر معززین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
