راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں 78ویں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سامنے پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ قومی ترانے کی دھن پر سینئر فیکلٹی ممبران نے پرچم کشائی کی اور گارڈ نے اعزازی سلامی پیش کی، جبکہ فضا “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔
اس سال کی تقریبات میں حالیہ قومی کامیابی “معرکۂ حق” کی یاد بھی تازہ کی گئی جو استقامت اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔ بعدازاں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
طالبات نے ملی نغمے پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ جشنِ آزادی کے موقع پر کیمپس کو برقی قمقموں اور سبز و سفید روشنیوں سے سجایا گیا، جو رات گئے تک اپنی خوبصورتی سے دلکش منظر پیش کرتا رہا۔
تقریب میں شریک فیکلٹی اور سٹاف نے کیک کاٹ کر جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔ اس موقع پر تمام شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، انتظامی عملہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ملی جوش و جذبے اور ولولے کے ساتھ آزادی کی خوشیاں منائیں۔