راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا ہے کہ بینظیر کچن روزگار پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز جلد حلقہ این اے 56 راولپنڈی سے کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے تحت خواتین کی بچیوں اور بہنوں کو روزگار کی تربیت دی جائے گی اور سٹارٹ اپ کاسٹ بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کا آغاز کر سکیں۔
انہوں نے یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ ہولڈر سمیرا گل کے ہمراہ این اے 56 سے آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں راجہ پرویز، راجہ مجید، نواز کوہستانی، عمر فراز اور راجہ ندیم شامل تھے۔ ملاقات کے دوران سمیرا گل نے حلقے میں بی آئی ایس پی کے پروگرامز سے متعلق درپیش مسائل پر چیئرپرسن کو آگاہ کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ بی آئی ایس پی مستحق خواتین کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی کامیابی کی صورت میں بینظیر کچن روزگار پروگرام کو پورے ملک میں وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف خواتین کو ہنر مند بنائے گا بلکہ انہیں مالی طور پر خودمختار بھی کرے گا، تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:
“ہم سب کو مل کر ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کرنی ہے جہاں ہر خاتون عزت، تحفظ اور امید کے ساتھ زندگی گزار سکے۔”
یہ منصوبہ خواتین کو معاشی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے اور ایک باوقار معاشرہ تشکیل دینے کی جانب ایک مثبت پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔