اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز، سی ڈی اے، وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے خصوصی اسپرے کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سی ڈی اے ڈاکٹر ارشاد جوگیشو نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو ڈینگی سے پاک کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہر بھر میں اسپرے مہم جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیلتھ ٹیم کو روانہ کیا گیا، جس نے پریس کلب میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے اسپرے کیا۔
ڈاکٹر ارشاد جوگیشو نے مزید کہا کہ شہریوں کو ڈینگی جیسے خطرناک وائرس سے بچانا سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔ جہاں کہیں سے بھی شکایت موصول ہوتی ہے، وہاں فوری طور پر انسدادی کارروائی کی جاتی ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔